• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ طاس معاہدے کی معطلی بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے: رانا عابد حسین

رانا عابد حسین — فائل فوٹو
 رانا عابد حسین — فائل فوٹو 

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ 

رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ یہ اقدام ناصرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ پاکستان کو معاشی اور زرعی لحاظ سے نقصان پہنچانے کی کھلی سازش بھی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم 1 کروڑ سے زائد پاکستانی وطن عزیز کے لیے اپنی جان و مال قربان کرنے کو ہر وقت تیار ہیں اور آج وقت آ گیا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی تمام سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر متحد ہوں اور وطن سے وابستگی کو عملی طور پر ثابت کریں۔

رانا عابد حسین نے زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ زرِ مبادلہ پاکستان بھیجنا چاہیے تاکہ معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے کیونکہ ایک مستحکم معیشت ہی پاکستان کو عالمی سطح پر باوقار اور بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کا مؤثر جواب دینے کے قابل بنا سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشیں صرف دفاعی یا سفارتی سطح پر نہیں بلکہ معاشی میدان میں بھی لڑی جا رہی ہیں اور اس جنگ میں اوورسیز پاکستانی فرنٹ لائن کے سپاہی ہیں، ان کا کردار نہایت اہم ہے اور وقت کا تقاضہ ہے کہ وہ پوری ذمے داری اور سنجیدگی کے ساتھ اپنی ریاست کا ساتھ دیں۔

رانا عابد حسین نے پاکستانی سفارتی اداروں سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ بھارت کی آبی جارحیت کو عالمی سطح پر اُجاگر کریں اور بین الاقوامی فورمز پر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا بھرپور نوٹس لینے کی اپیل کریں۔

خاص رپورٹ سے مزید