کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اسلامی ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات،وفد کی قیادت بینک کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ولید عبدالوہاب نے کی۔ ملاقات میں ورلڈ بینک کے اشتراک سے چلنے والے دو اہم منصوبوںسندھ فلڈ ایمرجنسی ہاؤسنگ ریکنسٹرکشن پروجیکٹ اور سندھ انٹیگریٹڈ ہیلتھ اینڈ ویمن ایمپاورمنٹ پروجیکٹ پر گفتگو ہوئی۔ یہ ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی جس میں چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، پی ایس سی ایم آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکرٹری صحت ریحان بلوچ، اور سی ای او ایس پی ایچ ایف خالد شیخ نے شرکت کی۔اسلامی ترقیاتی بینک کے وفد میں کنٹری منیجر اشتیاق اکبر اور پاکستان میں بینک کے نمائندے محمد علی یزدانی سمیت دیگر افراد شامل تھے۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر عبدالوہاب کو خوش آمدید کہا اور سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر نو میں اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔