لا ہور( آصف محمود بٹ ) تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سول سروسز اکیڈمی (CSA) لاہور نے ملک کی بیوروکریسی میں تنوع، مساوات اورشمولیت کو فروغ دینے کے لیے ایک تاریخی منصوبے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ یہ اقدام ان امیدواروں کو سنٹرل سپیریئر سروسز (CSS) کے امتحان کی تیاری میں سہولت فراہم کرے گا جو روایتی طور پر وسائل اور مواقع سے محروم رہے ہیں،سول سروسز اکیڈمی لاہور کے ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ اس اقدام کی بنیاد سی ایس ایس 2023کے امتحانی نتائج پر رکھی گئی، جن میں یہ انکشاف ہوا کہ اقلیتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے مختص 121نشستوں میں سے بڑی تعداد پر امیدوار کامیاب نہیں ہو سکے، اکیڈمی نے اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور سابقہ سول سرونٹس سے تفصیلی مشاورت کا آغاز کیا ہے تاکہ ایسا تربیتی پروگرام تیار کیا جا سکے جو حقیقی معنوں میں ان طبقات کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں مددگار ہو۔