لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو صحت کے شعبہ پر شب خون نہیں مارنے دیں گے، صوبہ پنجاب میں دیہی مراکز صحت، رورل ہیلتھ سنٹرز اور ہسپتالوں کو پرائیوٹائز کرنے کے پنجاب حکومت کے فیصلے مسترد اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ صحت کے مراکز کو آؤٹ سورس کے نتیجے میں ٹھیکیداروں کا راج قائم ہو جائے جس کی شرط یہ ہو گی کہ ان صحت مراکز پر مریم نواز کی تصویر اور ان کا نام تحریر ہو یہ دراصل آؤٹ سورس کے نام پر اپنے من پسند لوگوں کو نوازنے کا اصل ایجنڈا ہے۔ اس خاندان کو بادشاہ سلامت بننے کے بعد ملکہ سلامت بننے کا شوق پیدا ہو گیا ہے، پنجاب حکومت نے ہزاروں سکولز ٹھیکیداری نظام پر دیے، لیکن یہ سسٹم بھی بری طرح فیل ہو گیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں ڈاکٹر شعیب نیازی، ڈاکٹر سلمان، ڈاکٹرز الفت کی قیادت میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔