فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے نے یومِ پاکستان کے استقبالیے کی میزبانی کی جس میں فرانسیسی حکومت کے منتخب عہدیداروں، فوجی اہلکاروں، ماہرینِ تعلیم، تاجروں اور میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پیرس میں مقیم بین الاقوامی اداروں بشمول یونیسکو اور او ای سی ڈی کے سینئر حکام اور فرانس میں مقیم سفارتی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی، پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور فرانس کے قومی ترانوں سے ہوا اور ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی، جس میں پاکستان کے ورثے، ثقافت، کھانوں، فنون اور دست کاری کو دکھایا گیا تھا، سفیر اور معزز مہمانوں نے یومِ پاکستان کا خصوصی کیک بھی کاٹا۔
سینیٹ میں خارجہ امور، دفاع اور مسلح افواج کے کمیشن کے نائب صدر سینیٹر راشد تیمل اور فرانس پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے رکن اور سفیر ڈیوڈ برٹولوٹی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل وزارتِ یورپ و خارجہ امور نے مہمانوں سے خطاب کیا۔
انہوں نے یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارک باد دی، پاکستان اور فرانس تعلقات کی اہمیت، خاص طور پر اقتصادی میدان میں زبردست صلاحیت کو اجاگر کیا۔
مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستان کے صدیوں پرانے کثیر النسل، کثیر الثقافتی اور کثیر لسانی ورثے اور ایک جمہوری، ترقی پسند اور تکثیری پاکستان کے اخلاق کو برقرار رکھنے کے عزم کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں پاکستان نے جمہوری اداروں کو مضبوط کیا ہے، عدلیہ کو بااختیار بنایا ہے اور انسانی حقوق کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تاریخی قانون سازی کی ہے۔
سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ پاکستان کی بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جو ظلم اور استعمار کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم خدوخال کا خاکہ پیش کیا جس کی جڑیں بین الاقوامی قانون، کثیرالجہتی اور تنازعات کے پُرامن حل میں گہری ہیں۔
سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بین الاقوامی ہلچل کے وقت پاکستان نے بات چیت اور سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی مرکزیت کو ترجیح دی، یہ ترجیحات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان کے کردار کی بھی وضاحت کرتی ہیں۔
سفیر نے پاکستان اور فرانس کے تعلقات کی اہمیت کے بارے میں بتایا جو باہمی احترام اور شراکت داری پر مبنی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسٹریٹجک خودمختاری، کثیرالجہتی اور بین الاقوامی قانون کو برقرار رکھنے والے دو ممالک کے طور پر پاکستان اور فرانس اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں امن، ترقی اور موسمیاتی کارروائی کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان طے پانے والی مفاہمت نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مثبت رفتار دی ہے۔
پنڈال میں نمائش کے لیے رکھی گئی فاسٹنگ بدھا کی نقل مہمانوں کی توجہ کا مرکز بن گئی اور اس کے ساتھ ہی پاکستان پر متعدد کتابوں کی نمائش بھی کی گئی۔