بھارت کے متنازع وقف ترمیمی قانون اور غیر مقامیوں کو ڈومیسائل دینے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔
سری نگر سے کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں ہڑتال حریت کانفرنس کی کال پر کی جا رہی ہے، مودی حکومت کے مذموم منصوبوں کے خلاف سری نگر میں احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس نے کہا کہ وقف ترمیمی قانون کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کے سیاسی، مذہبی اور سماجی تشخص پر حملہ ہے، بھارت فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
حریت کانفرنس نے مزید کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو بدنام کر رہا ہے، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت ا پنے مذموم منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا، اقوام متحدہ پہلگام حملے سمیت قتل عام کے تمام واقعات کی تحقیقات کیلئے ٹیم مقبوضہ کشمیر بھیجے۔
حریت کانفرنس نے کہا کہ حق خودارادیت کے منصفانہ مطالبے پر بھارتی حکومت مظلوم لوگوں کو نشانہ بنا کر خاموش کرا رہی ہے۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کے اپنے جائز مطالبے کو جاری رکھیں گے۔