پاکستان نے پہلگام واقعے کے حقائق سامنے لانے کےلیے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی غیرجانب دار ادارہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کرے، پاکستان بھرپور تعاون کرے گا، پاکستان اس ڈرامے کو بے نقاب کرنا چاہتا ہے، دنیا کو پتہ چلنا چاہیے کہ اس واقعے کے اصل حقائق کیا ہیں۔ ٹھوس شواہد ہیں کہ بھارت دہشت گردی میں ملوث ہے۔
اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ حالات اور ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان کو بھارتی تحقیقات پر شدید تحفظات ہیں، چاہتے ہیں کوئی آزاد اور غیرجانبدار ادارہ پہلگام واقعہ کی تحقیقات کرے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی غیرجانبدار تحقیقات میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ حقائق سامنے آئیں اور انصاف ملے۔
وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں کہ بھارت دہشت گردی میں ملوث ہے، ہم پہلگام ڈرامے کو بےنقاب کرنا چاہتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردی واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے موقف میں بڑا واضح ہے، ہم پُرامن ملک ہیں، ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں، دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔
سینیٹر محسن نقوی نے مزید کہا کہ اگر ہمارے کسی حق کو دبانے کی کوشش کی گئی تو ایک ایک بندہ آخری دم تک لڑے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی دنیا میں کہیں بھی ہو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان پہلگام واقعہ کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اس ڈرامے کو بے نقاب کرنا چاہتا ہے، کوئی بھی غیر جانبدار فریق تحقیقات کرے گا تو پاکستان تعاون کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان کی معاشی ترقی بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔