کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر نثار احمد کھوڑو اور دیگر رہنمائوں نے مختلف جماعتوں کے رہنمائوں اور کارکنوں کی شمولیت پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم منصوبے کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دفن کیا اور کینالز منصوبے کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دفن کروادیا ہے، کینالز پر سیاست کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ اب اس مردہ منصوبے پر سیاست کی بجائے سڑکیں کھول دیں اور عوام کو مزید تکلیف میں مبتلا نہ کریں، پاکستان پیپلز پارٹی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداران اور کارکنان کی بھرپور شمولیت بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور پیپلز پارٹی کے منشور پر اعتماد کی دلیل ہے، ڈسٹرکٹ کورنگی کے تحت ماڈل کالونی کے مقامی ہال میں جلسے سے سید وقار مہدی ، سعید غنی نے بھی خطاب کیا ،اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے سنئیر نائب صدر رانا احسان، رانا طارق (سابقہ نائب ناظم یو سی ماڈل کالونی)، رانا علی، اسد اللہ، رضوان شفیق، ایم کیو ایم پاکستان سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے سیکڑوں ذمہ داران و کارکنان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، جلسہ سے ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جانی میمن، شرجیل رضوانی، رانا احسان، چن زیب و دیگر نے بھی خطاب کیا، نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ پہلے کبھی پانی کی ایک بوند کا سودا کرنے پر راضی تھا اور نہ کبھی راضی ہوگا، آپ کو مبارکباد دے رہا ہوں کنال منصوبہ ختم ہوگیا ہے۔