اسلام آباد(نمائندہ جنگ )صدر مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دراندازی ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے‘وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑکاکہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سرحد پر کسی بھی جھڑپ کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہے‘امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گاجبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ ملک دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے‘بھارت جو بھی قدم اٹھارہا ہے وہ کہیں نہ کہیں پکڑا جارہا ہے‘فتنہ خوارج پر بھی وہیں (بھارت )سے زور ڈالا جارہا تھا کہ پاکستان میں داخل ہوکر دہشت گردی کریں ‘ فورسز کو اس حملے کی بروقت اطلاع مل گئی تھی جس کے بعد سکیورٹی فورسز نےانہیں تین اطراف سے گھیر کر خوارجیوں کو ہلاک کیا‘اگر بھارت نے پاکستان کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ خانی کی تو اس کو بھر پور جواب دیا جائے گا۔اتوارکو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے خوارج کی دراندازی کی کوشش نا کام بنا دی، آپریشن کے دوران54خوارج ہلاک کردیئے گئے‘ بیرونی آقائوں نے خوارج کودہشتگردی کیلئے پاکستان بھیجا ۔