وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام متحد ہیں، وطنِ عزیز کے لیے ہندو، مسیحی، سکھ سمیت تمام اقلیتیں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہیں۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر ہونے والے واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی بند گلی میں کھڑے ہیں، پاکستان کی پیشکش کا جواب نہیں دے رہے۔ بھارت کے اندر بھی مودی کےخلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور میں ہی پلواما ہوا، اب یہ پہلگام کا واقعہ، یہ سب بی جے پی کی حکومت میں کیوں ہوتا ہے؟
ان کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کو پاکستان اور مسلمانوں سے جوڑنا قابلِ مذمت ہے۔ مودی اقلیتوں کے دشمن ہیں، چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کونشانہ بنایا جائے۔
کھیئل داس کوہستانی نے سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا مودی کی کابینہ میں کوئی مسلمان وزیر ہے؟ کیا مودی نے بھارت میں سکھوں کو عزت دی ہے؟
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام متحد ہیں، وطنِ عزیز کےلیے ہندو، مسیحی، سکھ سمیت تمام اقلیتیں مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔