اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی،نیوز رپورٹر ) صد ر مملکت آصف علی زرداری نے آزادی ِصحافت کے عالمی دن کے موقع پر پیغا م میں کہا ہے کہ ہم پاکستان میں ایک آزاد اور ذمہ دار پریس کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم نے صحافیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے بہت سے اقدامات لیے ، مگر انھیں ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ابھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے،وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں صحافت کے عالمی دن پر تمام میڈیا ورکرز کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت آپ کی بہتری کے لئے پورے خلوص دل سے آپ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ ایک ذمہ دار جمہوری معاشرے کے طور پر ہماری اجتماعی ذمہ داری اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صحافت حقائق، اخلاقیات اور آزادی پر مبنی عوامی بھلائی کی خدمت جاری رکھے۔