کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈیفنس موڑ پر وکلاء کی جانب سے پولیس کے خلاف احتجاج کے باعث بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس تھانے میں 24 اپریل کو 80 سے 90 اسٹوڈنٹس کے خلاف تھانے میں بلوہ ،ہنگامہ آرائی ، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار تین افراد کو روکا گیا اور ان سے موٹر سائیکل کے کاغذات طلب کیے گئے جو وہ پیش نہ کر سکے جس پر موثر سائیکل کو تحویل میں لیکر تینوں افراد کو تھانے منتقل کیا گیا۔بعد ازاں عمران نامی شخص کی ضمانت پر تینوں کو چھوڑ دیا گیا لیکن اس کے بعد 80سے 90 اسٹوڈنٹس اور پرائیوٹ افراد نے تھانے میں توڑ پھوڑ کی جس میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔جمعہ کو وکلا عدالت کا حکمنامہ لیکر ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج کروانے پہنچے اور پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرنے پر کورنگی روڈ ڈیفنس موڑ سگنل پر احتجاج شروع کر دیا جس کے باعث کورنگی روڈ کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہو گئے۔