اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ صحافی برادری، سیاسی جماعتیں اور قومی ادارے بھارتی جھوٹے پراپیگنڈے کے خلاف متحد ہیں ،ملکی سالمیت و خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، انھوں نے ان خیالا ت کا اظہارعالمی یوم صحافت پر کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے اور منفی ہتھکنڈوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات بھی نہیں کر سکتا، ہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک خود مختار اور خوددار ملک ہے اور بھارت کے کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اور غیر مہذب اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور ریاست پاکستان اپنی سرزمین پر امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔