کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ جنگ کا آغاز بھارت کریگا تو اس کا انجام پاکستان کریگا، مودی بھارت کی تباہی کیلئے خود ایٹم بم بن چکا ہے۔ پا کستان نے ہمیشہ امن کو اہمیت دی ہے مگر بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی نے کبھی اس خطے میں امن قائم ہونے نہیں دیا، جنگ سے ہونے والی تباہی کا اصل نقصان بھارت کو پہنچے گا، عالمی سطح پر بھارت اپنی دہشت گرد پالیسی کی وجہ سے تنہا ہوچکا ہے،پاکستان نے پچھلے دودنوں میں جس طرح دنیا کے سامنے بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے شواہد پیش کئے ہیں اس نے ثابت کردیا کہ ہماری کوشش امن کی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ صف اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، عالمی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان نے جس قدر جانی اور مالی قربانی دی ہے، اس کی مثال کوئی اور ملک پیش نہیں کرسکتا،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی ، مذہبی جماعتیں ملک کی سلامتی اور بقاء کے لئے ایک پیج پر ہیں۔