کراچی (اسٹاف رپورٹر) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر احمد عظیم علوی نے کہا ہے کہ کراچی کے سائٹ علاقے کی صنعتوں کو پچھلے 2ہفتوں سے پانی کی سپلائی منقطع ہونے کی وجہ سے صنعتی پیداوار مکمل طور پر رک گئی ہے۔اس صورتحال کے نتیجے میں مزدور بے کار بیٹھے ہیں اور برآمدی آرڈرز کی تکمیل تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔ وقت پر آرڈرز پورے نہ کرنے کی وجہ سے صنعتوں کو اربوں روپے کے مالی نقصانات کا سامنا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پانی کی شدید قلت نے تمام صنعتوں خاص طور پر ٹیکسٹائل پروسیسنگ یونٹس کو متاثر کیا ہے جسے پانی کی بھاری مقدار میں ضرورت ہوتی ہے۔ ٹینکرز کے ذریعے پانی کی سپلائی نہ صرف انتہائی مہنگی پڑتی ہے بلکہ دستیابی بھی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے صنعتیں بند کرنے اور مزدوروں کو فارغ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔احمد عظیم علوی نے زور دیتے ہوئے کہاکہ صنعتی پیداواری سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے ہمیں اپنے صنعتی یونٹس پر پانی کی مستقل فراہمی درکار ہے لہٰذا متعلقہ محکمے سائٹ لمیٹڈ اور کے ڈبلیو ایس سی کو فوری اقدامات کرنے چاہیے۔