کراچی(اسٹاف رپورٹر ) لیاری بہار کالونی میں مبینہ طور پر غیرت کے معاملہ پر فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ تھانہ کی حدود لیاری بہار کالونی علی آرکیڈ کے قریب گھر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ، مقتول کی لاش اور زخمی کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 45سالہ سیف الرحمان عرف سیفی ولد محمد عمر رئیس جبکہ زخمی کی 25سالہ عدنان ولد شیخ محمد شاہد کے نام سے کی گئی ، زخمی ہونے والے شخص کے بھائی نے کچھ عرصہ قبل لیاری نیا آباد کے رہائشی نیازی فیملی سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی سے محبت کی شادی کر لی تھی جس میں لڑکی کے گھر والوں کی رضا مندی نہیں تھی ، اتوار کی شب لڑکی کے گھر والوں کی خواہش پر معاملہ کا بات کے ذریعے حل نکالنے کے لیے لڑکی کے گھر والے لڑکے کے گھر آئے تھے اور انہوں نے گھر میں گھستے ہی اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ثالثی کا کردار کرنے والا سیف الرحمان جاں بحق اور لڑکی نے جس لڑکے سے شادی کی تھی اس کا بھائی عدنان زخمی ہوگیا ، فائرنگ کرنے والے اپنی لڑکی کو زبردستی اس کے شوہر کے گھر سے اپنے ساتھ لے گئے ، پولیس موقع پر موجود واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔