کراچی(نیوزڈیسک)انڈیا کی نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) کی طرف سے جاری کردہ ساتویں جماعت کے لیے سوشل سائنس کی نئی کتاب میں مغلوں اور دہلی سلطنت کا کوئی ذکر نہیں ہے۔اب تک اس کتاب میں مغلیہ سلطنت اور دہلی سلطنت پر مختصر اسباق موجود تھے لیکن سیشن 2025/26کے لیے سوشل سائنس کی نئی کتاب سے ان اسباق کو مکمل طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔این سی ای آر ٹی نے سکول کی تعلیم کے لیے قومی تعلیمی پالیسی، این ای پی اور نیشنل کریکولم فریم ورک، این ایس ایف، کے تحت نئی کتابیں تیار کی ہیں۔ تاہم کئی کلاسوں کی کتابیں ابھی تک نہیں پہنچی ہیں۔انڈیا میں ہندو تنظیمیں تاریخ کی کتابوں میں ہندو بادشاہوں کو مناسب جگہ نہ دینے کا سوال اٹھاتی رہی ہیں۔وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ایک پرانے بیان میں کہا تھا کہ تاریخ کی کتابوں سے کچھ ہٹانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ ہندوستانی تاریخ کا مطالعہ صرف مغل حملہ آوروں کی فتوحات تک محدود نہیں رہ سکتا۔حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم چھوا میں مراٹھا حکمران چھترپتی سنبھاجی مہاراج کی کہانی دکھائی گئی تھی۔ اس فلم کے بعد بی جے پی کے کئی لیڈروں نے مغل بادشاہ اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔