• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں پریکٹیکل امتحان کو ختم نہیں ہونے دیا جائے گا، سیکرٹری کالجز

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسییشن کے پریس ترجمان پروفیسر شوکت علی سمو کے مطابق سکھر تعلیمی بورڈ کی جانب سے 5 مئی کو ہونے والے امتحانات میں سائنس کے طلبہ سے پریکٹیکل امتحان ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف سپلا سکھر ریجن کے امتحانات کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد سیکرٹری کالج ایجوکیشن حکومت سندھ شہاب قمر انصاری کا سپلا کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس سے ٹیلی فون پر رابطہ، پریکٹیکل امتحانات ختم کرنے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار اور چیئرمین سکھر بورڈ سے فوری رابطہ کر کے تھیوری امتحانات کے بعد پریکٹیکل امتحانات لینے کا کہیں گے اور کسی بھی طور طلبہ کا تعلیمی نقصان قبول نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر سپلا کے مرکزی صدر نے سیکرٹری کالجز شہاب قمر انصاری کا شکریہ ادا کیا اور صوبے کی تعلیم کو بہتر بنانے میں ان کے شانہ بہ شانہ چلنے کی یقین دہانی کرائی اور ان کی ہدایت پر سکھر ڈویژن کے امتحانات کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان بھی کیا گیا۔ سپلا کے مرکزی صدر نے مزید کہا کہ سائنسی سبجیکٹس تھیوری اور پریکٹیکل ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہوتے ہیں، پریکٹیکل امتحانات کو ختم کرنا تعلیم دشمنی کے مترادف ہوگا۔ اس لیے سندھ کے طالب علموں کے ساتھ یہ زیادتی ہونے نہیں دی جائے گی۔ سپلا کے پریس ترجمان پروفیسر شوکت علی سموں کے مطابق سپلا مرکزی صدر پروفیسر منور عباس سے سیکرٹری کالجز اور ڈی جی کالجز سندھ کا رابطہ ہو چکا ہے جنہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سائنس کے طلبہ کے پریکٹیکل امتحانات لازمی لیے جائیں گے لہٰذا مرکزی صدر سپلا نے، سپلا سکھر ریجن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ملھار سندھی سمیت سکھر ریجن کے تمام عہدیداران سے اپیل کی ہے کہ وہ سکھر ڈویژن کے طلبہ کے وسیع تر مفاد میں امتحانات کے بائیکاٹ کے فیصلے کو واپس لیں۔

ملک بھر سے سے مزید