اسلام آباد (ساجد چوہدری )وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ماتحت چلنے والی پبلک سیکٹر یونیورسٹی کامسٹس نے ملک کے مختلف شہروں میں مزید تین کیمپس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ کیمپس گوادر، خوشاب اور کراچی میں کھولے جائیں گے ، سرکاری دستاویز کے مطابق کراچی کیمپس پر 4ارب 61کروڑ 44لاکھ لاگت آئیگی، اس منصوبہ کیلئے آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی سے 30کروڑ روپے کی ڈیمانڈ کی گئی ہے ، بلوچستان میں گوادر کیمپس منصوبہ کا پی سی ٹو یعنی فزیبلٹی سٹڈی وغیرہ کیلئے آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی سے گیارہ کروڑ روپے سے زیادہ کی ڈیمانڈ کی گئی ہے ، کامسٹس یونیورسٹی کے ضلع خوشاب میں نور پور تھل کے مقام پر کیمپس کے قیام کے منصوبے کے پی سی ٹو (فزیبلٹی سٹڈی)کیلئے بھی آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی سے گیارہ کروڑ روپے کی ڈیمانڈ کی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق کامسٹس یونیورسٹی کے تین مزید کیمپس کے قیام سے خوشاب ، کراچی اور گوادر کے طلبہ کو بھی تعلیم کی بہتر سہولتیں میسر آ سکیں گی ۔