پیرس ( رضا چوہدری /نمائندہ جنگ ) پاکستانی نژاد معروف صحافی خالد حمید فاروقی مرحوم کی تیسری برسی خالد فاروقی میموریل فریڈم فیسٹیول برسلز میں منعقد ہوئی ، مقررین نے مرحوم صحافی خالد فاروقی کو خراج عقیدت پیش کیا۔یورپ کے معروف صحافی اور دانشور اور جیو نیوز کے سابق بیورو چیف خالد حمید فاروقی کی تیسری برسی کے موقع پر گزشتہ روز یورپی ہیڈ کوارٹرز برسلز میں خالد فاروقی میموریل فریڈم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے صدر افضل بٹ پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان پریس کلب بیلجیم کے صدر عمران ثاقب نے پورے پروگرام کی نظامت کی۔اس دوران تعزیتی ریفرنس کی صدارت دانشور راؤ مستجاب احمد نے کی اور شاعری کی صدارت صغیر انور وٹو نے کی۔ پروگرام کا استقبالیہ پاکستان پریس کلب بیلجیم کے جنرل سیکرٹری ندیم بٹ نے پیش کیا۔مقررین میں خالد فاروقی کی اہلیہ ایلا فاروقی، بیٹی مایا فاروقی اور بیٹا کامل فاروقی، اور ڈاکٹر اسلم سید کی اہلیہ کشور مصطفیٰ اور بیٹی بنافشہ سکینہ سید، دیگر اہم شخصیات طاہرہ رباب، شیراز راج، اکرم قائم خانی، سید اعجاز سیفی اور سرمد فاروقی شامل تھے۔ انہوں نے مرحوم خالد حمید فاروقی کی صحافتی اور سماجی خدمات کی سخت الفاظ میں تعریف کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔