کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ تین ملزمان کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق کورنگی تھانے کی حدود میں واقع ڈھائی نمبر غریب نواز چوک کے قریب لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ملزمان اور موٹر سائیکل پر گشت پر مامور پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ایس ایچ او کورنگی عدیل افضال کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت سکندر ولد جمن کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی گرفتار ملزمان کی شناخت ذاکر اور ریاض کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے دو پستول، ایک موٹر سائیکل اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار ملزمان کے کرمنل ریکارڈ کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ ملیر شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 31-D میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، گشت پر موجود پولیس اہلکاروں پر کار لفٹر گینگ کے افراد نے اچانک فائرنگ کر دی۔ پولیس کی بروقت جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔