معروف اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار رومیسہ خان نے ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، کیریئر اور دوستیوں سے متعلق بےتکلفی سے بات کی۔
رومیسہ حال ہی میں فلم "جان" کےلیے پہلا لکس اسٹائل ایوارڈ جیت چکی ہیں، اب ناصرف اداکاری بلکہ زندگی کے رویوں میں بھی واضح تبدیلی لا چکی ہیں۔
انہوں نے انٹرویو میں بتایا کہ بچپن اور نوجوانی میں ان کا مزاج لڑکوں کے ساتھ زیادہ میل کھاتا تھا، کیونکہ اس وقت وہ ایسی لڑکیوں کے ساتھ تھیں جن سے ان کی ذہنی ہم آہنگی نہیں ہوتی تھی، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کی ترجیحات اور سوچ میں تبدیلی آئی۔
ان کا کہنا ہے کہ اب میں نے ایسی لڑکیاں ڈھونڈ لی ہیں، جو میری بیسٹ فرینڈز ہیں اور میری پوری دوستی کا دائرہ اب بس وہی ہیں، مرد دوست اب میری زندگی میں تقریباً نہیں رہے۔
رومیسہ نے واضح کیا کہ وہ مردوں کو جانتی ہیں اور سماجی تقاریب میں ان سے ملاقات بھی ہوتی ہے، لیکن ان کے قریبی دائرے میں کوئی مرد دوست شامل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر بھی وہ انسٹاگرام ڈی ایمز میں مردوں سے دوری اختیار کرتی ہیں اور صرف لڑکیوں سے خوش دلی سے بات کرتی ہیں۔
رومیسہ نے اداکاری سے اپنی محبت پر بھی بات کی اور بتایا کہ فلم "جان" میں کام کرنے کا تجربہ ان کےلیے زندگی بدل دینے والا تھا۔