قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی درندگی کا سلسلہ جاری ہے، 23 سالہ نوجوان امتیاز احمد مغرای کو ضلع کولگام میں حراست کے دوران بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کردیا گیا۔
پہلگام حملے کے بعد قابض فوج کی زیر حراست شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق امتیاز احمد کو بھارتی فورسز نے ضلع کولگام کے علاقے مازگام، ٹنگمرگ میں سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیا، غیر انسانی تشدد کا نشانہ بنایا اور لاش کو ادبل وٹو، ڈی ایچ پورہ کے علاقے میں ایک نالے میں پھینک دیا۔
علاقہ مکینوں نے بھارتی حکام کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا کہ امتیاز نے خودکشی کی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شہید امتیاز ایک محنت کش تھا، جسے بھارتی اہلکاروں نے گھر سے اٹھایا اور بدترین تشدد کے بعد جان سے مار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ خوف و ہراس پھیلانے کی ایک منظم حکمت عملی کا حصہ ہے۔