لورڈہل، فلوریڈا ( جنگ نیوز) امریکی تیراک کیٹی لیڈیکی نے 800 میٹر فری اسٹائل میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے 2016 کے ریو اولمپکس میں آخری بار عالمی ریکارڈ بنایا تھا اور اب تقریباً 10 سال بعد کیٹی نے اسے مزید بہتر بنا کر ایک بار پھر دنیا کو حیران کردیا۔ ٹی وائے آر پرو سوئم سیریز کے دوران لیڈیکی نے نیا وقت 8:04.12 ریکارڈ کیا، جو کہ ان کے گزشتہ عالمی ریکارڈ سے 0.6 سیکنڈ کم ہے۔ کیٹی لیڈیکی گزشتہ 13 برسوں سے طویل فاصلے کی فری اسٹائل تیراکی پر راج کر رہی ہیں ۔ انہوں نے 1500 میٹر فری اسٹائل میں تاریخ کا دوسرا تیز ترین وقت (15:24.51) مکمل کر کے واضح کیا کہ وہ اب بھی دنیا کی سب سے عظیم تیراک ہیں۔