جاپان نے بھارت کی جانب سے رات گئے پاکستانی شہریوں پر کیے گئے فضائی حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جاپان نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بات چیت کے ذریعے صورتِ حال مستحکم کرنے پر زور دیا ہے۔
جاپانی چیف کیبنٹ سیکریٹری یوشیماسا حیاشی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی انتقامی کارروائیوں کو بھڑکا سکتی ہے اور صورتِ حال کے مکمل فوجی تصادم میں تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں اور بات چیت کے ذریعے صورتِ حال کو مستحکم کریں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی حملوں کو شرم ناک قرار دیا۔
امریکی صدر کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس نے بھی بھارت کو جنگ کا مورد الزام ٹھہراتے ہوئے پاکستان پر ہونے والے حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چین نے بھارتی فوجی کارروائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم موجودہ صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے ہمسایہ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ دونوں ممالک چین کے بھی ہمسایہ ہیں۔