• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بھارتی جارحیت کے جواب کا حق رکھتا ہے اور جواب دے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں، پاکستان جارحیت کے جواب کا حق رکھتا ہے اور جواب دے گا۔

ایک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا، بھارت نے 6 مقامات پر حملے کیے۔

انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللّٰہ کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں 13 شہری شہید ہوئے، مریدکے مسجد کو نشانہ بنایا گیا جس میں 3 افراد شہید اور ایک زخمی ہوا جبکہ مظفرآباد پر حملے کے نتیجے میں 3 شہری شہید ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ اور شکر گڑھ میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا بھارتی تنگ نظری کی عکاسی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک افواج پاکستان نے بھارت کے حملہ کرنے والے 5 طیارے مار گرائے ہیں، افواج پاکستان نے 3 رافیل اور ایک مگ طیارہ مار گرایا ہے، پاکستان نے بھارتی طیاروں کو اس وقت مار گرایا جب وہ حملہ کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹنڈا، جموں، سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں بھارتی طیارے تباہ کیے، بھارت کا ایک کمبیٹ ڈرون بھی مار گرایا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ بھارت رات سے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کر رہا ہے، بھارتی جارحیت کا جواب دیا جا رہا ہے اور دیا جاتا رہا ہے، بھارتی حملے میں پاک فضائیہ کے تمام طیارے اور اثاثے محفوظ ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ گزشتہ روز میڈیا کو ایل او سی کا دورہ کروایا گیا، بھارت کی غلط فہمی کو ٹھیک کر دیا جائے گا، بھارت کی آبی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے، پاکستان نے صرف دفاع کا حق استعمال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نقصان پہنچانا ناقابل قبول ہے، ہمارا دشمن بزدل اور کمزور ہے، بھارت پاکستان کے پانی کے ذخائر کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا متعدد پوسٹوں کو تباہ کیا، بھارت کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو جواباً نشانہ بنایا گیا، بھارت کی چھتری اور جورا پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے نوسیری ڈیم کے اسٹرکچر کو نشانہ بنایا، ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک ہے، کیا بھارت پاکستان کے عوام کے پانی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، کیا بھارت جانتا ہے اس کے کیا نتائج ہوں گے اس کا کیا مطلب ہے، کیا انٹر نیشنل نارمز اور جنگی قوانین اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ آپ کسی اور ملک کے پانی کے ذخائر ، ڈیمز اور ہائیڈرو پاور اسٹرکچر کو نشانہ بنائیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ بھارت نے بزدلانہ کارروائی کی تو انٹرنیشنل اور نیشنل فلائیٹس پاکستان کی ایئر اسپیس میں موجود تھیں، بھارت نے ہزاروں مسافروں کی جان کو خطرے میں ڈالا، حملے کے وقت 57 بین الاقوامی فلائٹس پاکستان کے ایئر اسپیس میں تھیں،  پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے اور دیا جاتا رہے گا، کسی کو پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرحدوں اور پاک دھرتی کا دفاع، اس پر جان دینا ہماری خوش قسمتی ہے، پاکستان نے صرف دفاع کا حق استعمال کیا ہے، پاکستان اپنے حق کا تحفظ کرتا ہے، جارحیت کا جواب اپنے منتخب وقت، مقام اور طریقے سے دے گا۔

قومی خبریں سے مزید