بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
مرید کے کے نواحی علاقے ننگل ساہداں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقامی مسجد اور اطراف میں یکے بعد دیگر 4 حملے کیے۔
مکینوں کے مطابق جس مسجد اور مدرسے پر بھارت نے حملہ کیا وہ اس کے قریب ہی رہتے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ پہلے ایک دھماکہ ہوا جس کے بعد 3 اور دھماکے سنے گئے۔
مقامی شخص عثمان نے جیو نیوز کو بتایاکہ علاقہ مکینوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ بھارت نے اپنی بزدلانہ کارروائی میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔
مظفرآباد کے علاقے شوائی سے نقل مکانی کرنے والے ایک خاندان نے بتایا کہ وہ سو رہے تھے کہ اچانک زلزلہ سا محسوس ہوا اور وہ خوف کے عالم میں گھروں سے نکل آئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں۔
ایک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا، بھارت نے 6 مقامات پر حملے کیے۔
پاک فوج نے بھارتی کارروائیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے 3 رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29 اور 2 ڈرونز تباہ کر دیے جبکہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔
پاک فوج کے بھرپور اور تابڑتوڑ حملے کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈے لہرانا شروع کردیے۔