بھارت سمجھتا تھا کہ پاکستان ایک منتشر ملک ہے جو اس کیلئے ترنوالہ ثابت ہوگا، لیکن قوم یکبارگی میں ایک متحد قوم میں تبدیل ہو گئی، بھارت یہ خیال کرتا تھا کہ پاکستان کی فوج اور عوام میں دوریاں پیدا ہو چکی ہیں لیکن یہ دوریاں ختم ہونے میں ایک لمحہ بھی نہ لگا، بھارت نے سوچا تھا کہ اسکی ٹیکنالوجی کے سامنے پاکستانی فوج محض ایک ڈھیر ثابت ہوگی، لیکن پاکستانی فضائیہ نے انکی تمام ٹیکنالوجی کو لمحوں میں ڈھیر کر دیا۔ بھارت سمجھتا تھا کہ پاکستان اسکے سامنے برما بھوٹان اور نیپال کی طرح ہاتھ باندھ کر سر جھکائے پیش ہو جائیگا، لیکن پاکستانی فضائیہ نے ایک ہی دن میں بھارت کو ہاتھ باندھ کر سر جھکا کر امریکہ کے سامنے منت کرنے پر مجبور کر دیا۔ بھارت یہ سمجھتا تھا کہ اسکے رافیل طیارے پاکستانی فضائیہ کو سر نہیں اٹھانے دیں گے لیکن انکے رافیل کو پاکستانی طیاروں نے دھول چٹا دی۔ وہ سمجھتے تھے کہ انکی سیاسی قیادت ایک پیج پر نہیں لہٰذا اسے شکار کرنا آسان ہوگا لیکن بھارت کے ایک حملے نے پوری سیاسی قیادت کو ایک پیج پر لا کھڑا کیا۔بھارت یہ سمجھتا تھا کہ پاکستان سفارتی طور پر تنہا ہو چکا ہے لیکن اس کی یہ غلط فہمی بھی دور ہوگئی ۔اسکا خیال تھا کہ امریکہ بھارت کی پیٹھ تھپتھپائے گا اور پاکستان کو آنکھیں دکھائے گا اور شروع میں امریکہ نے ایسا کیا بھی۔ لیکن پاکستانی جانبازوں کے حملوں نے بھارت کی یہ غلط فہمی بھی دور کر دی اور ٹرمپ کو اپنے ٹویٹ میں مسئلہ کشمیر کا ذکر چھیڑنا پڑا۔ آج صورتحال یہ ہے کہ پوری دنیا بھارت پر تھو تھو کر رہی ہے، اسکے رافیل طیاروں کا غرور خاک میں مل چکا ہے، پاکستان کو ترنوالہ بنانے کے عزائم دم توڑ چکے ہیں، اپنے میڈیا کے ہاتھوں اسکی سیاسی قیادت رسوا ہو رہی ہے اور بین الاقوامی میڈیا کے سامنے مودی پیش ہونے کی جرات نہیں کر رہا۔ انکے ایئر مارشل سطح کے افسر میڈیا کے سوالوں کا جواب دینے سے کترا رہے ہیں ان کے پبلک ریلیشن افسران میڈیا کے سامنے نہیں آ رہے۔ پارلیمنٹ میں مخالف سیاسی جماعتیں مودی حکومت کے لتے لے رہی ہیں اور وہ مودی جس نے الیکشن جیتنے کیلئے یہ سارا ڈھونگ رچایا تھا آج اس کو اپنی حکومت کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ یہی وہ فتح ہے جس کا وعدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے ساتھ کیا ہے،یہی وہ مدد ہے جو اللہ تعالیٰ اپنے فرشتوں کے ذریعے اپنی قوم کی کرتا ہے۔فتح مبین کے نعروں سے پورا ملک گونج رہا ہے، فتح مبین کے پھریرے پورے ملک میں لہرا رہے ہیں۔ پاکستانی قوم کا عزم ایک مرتبہ پھر جوان ہو چکا ہے،باہمی نفرت کی دیواریں گر چکی ہیں،سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے پوری قوم مسلح افواج کی پشت پر ہے۔ چشم فلک نے ایک طویل عرصے کے بعد پاکستانی قوم کی آنکھوں میں چمک دیکھی ہے، انکے چہرے پر فتح کا غرور نظرآ رہا ہے۔ انکے چہرے شدت جذبات سے تمتما رہے ہیں۔یہ اسی فتح مبین کی وجہ سے ہے جو اللہ تعالیٰ نے ایک طویل عرصے بعد پاکستان کو عطا فرمائی ہے۔یہ فتح مبین محض عسکری محاذکی فتح نہیں بلکہ یہ نظریاتی اور سفارتی میدانوں کی وہ کامیابی ہے جس نے پوری دنیا کو پاکستانی صلاحیتوں کا معترف کر دیا ہے۔ بین الاقوامی فورم پر پاکستانی سفارت کاروں نے جس جرات مندانہ انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا ہے اس سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ جنگ شروع کرتے ہوئے بھارت پاکستان پر اپنی برتری جتانا چاہتا تھا،فتح مبین نے اس کی یہ خواہش خاک میں ملا دی،وہ پاکستان کو رسوا کرنا چاہتا تھا اس فتح مبین نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ بھارت اس جنگ کے ذریعے اپنی علاقائی برتری کو مستحکم کرنا چاہتا تھا اس فتح مبین نے بھارت کا یہ خواب چکنا چور کر دیا۔بھارت اپنی اس جنگ کے ذریعے اپنے رافیل، سیٹلائٹ انٹلیجنس اور سیاسی غرور کا مظاہرہ کرنا چاہتا تھا اس فتح مبین نے بھارت کا یہ سارا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ یہ فتح مبین پاکستان چین اور دیگر ہمسایہ ممالک کے درمیان ایک نئی دوستی کی بنیاد ہے، یہ فتح مبین پاکستانی فضائیہ کے نئے دور کا آغاز ہے، یہ فتح پاکستان کی عسکری اور فوجی طاقت کا اظہار ہے۔ اس فتح نے ایک ایسی نئی حقیقت کا دروازہ کھولا ہے کہ جس میں یہ واضح ہوگیا ہے کہ پاکستان کو مٹانا یا پاکستان کو ختم کرنا اب بھارت یا اس جیسے کسی اور ملک کے بس کی بات نہیں۔ جس پاکستان کو ناکام ریاست کا طعنہ دیا جاتا تھا آج وہ ایک سرخرو ریاست کے طور پر سامنے آیا ہے۔ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوا سکتا ہے۔ اسلامی دنیا جو پاکستان کے حوالے سے متذبذب تھی اب اسے ایک نئے زاویے سے دیکھ رہی ہے۔ بھارتی میڈیا جو اسلام آباد کو فتح کرنے کا مضحکہ خیز جھوٹ پھیلا رہا تھا اسکی صبح انتہائی شرمندگی کے ساتھ ہوئی ہے، اسکے میڈیا کے خواب ٹوٹ گئے ہیں۔ اسکے ٹویٹس ڈیلیٹ ہورہے ہیں۔ بزرگ تجزیہ کاروں نے احتساب کا مطالبہ کر دیا ہے۔اس فتح مبین نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے بھارت پاکستان کا تنازعہ اب دو ملکوں کا تنازعہ نہیں بلکہ خطے کی طاقت کا توازن بن چکا ہے۔اگر کسی ایک ملک کی طرف بڑی طاقتوں نے جھکاؤ کیا تو خطے کا توازن بکھر جائیگا۔ اللہ نے پاکستانی قوم کو ایک ایسا ایسی فتح عطا فرمائی ہے جسکے اثرات آئندہ کئی دہائیوں تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔