کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ،نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں زیرتکمیل اسکیموں کو ترجیح دینے کی ہدایت،تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیر اعلیٰ ہاوس میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال26-2025 کے لیے صوبائی بجٹ کا حصہ بننے والے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام ( اے ڈی پی) کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ نجم احمد شاہ، پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلیٰ آغا واصف، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری منصوبہ بندی زبیر چنہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کئی ترقیاتی اسکیمیں شامل کی جائیں گی جن کا محور پانی کی فراہمی، نکاسی آب، شمسی توانائی، صنعتی اور زرعی ترقی ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی تعمیر نو آئندہ ترقیاتی منصوبے میں اولین ترجیح ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت دی کہ تمام جاری اور مجوزہ اسکیموں کی منصوبہ بندی احتیاط سے کی جائے۔