• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جون میں 78 عسکریت پسند حملے، 53 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 100 افراد ہلاک

کراچی( ثاقب صغیر )متعدد ہائی پروفائل حملوں کے باوجود پاکستان میں جون 2025کے دوران شدت پسند حملوں میں مجموعی طور پر معمولی کمی دیکھی گئی۔ گزشتہ ماہ ملک بھر میں 78عسکریت پسند حملے ہوئے جن میں 53 سیکورٹی اہلکار،39 شہری، 6 عسکریت پسند اور امن کمیٹیوں کے دو ارکان سمیت 100 افراد ہلاک ،189 زخمی ہوئےمئی کے مقابلے میں جون میں عسکریت پسند حملوں میں 8 فیصد اورہلاکتوں میں 12 فیصد کمی آئی۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سیکورٹی اسٹڈیز (PICSS) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جون میں ملک بھر میں 78 عسکریت پسند حملے ہوئے جس کے نتیجے میں کم از کم 100 ہلاکتیں ہوئیں، جن میں 53 سیکورٹی اہلکار، 39 شہری، 6 عسکریت پسند اور امن کمیٹیوں کے دو ارکان شامل ہیں۔ ان حملوں میں 189 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 126 سیکورٹی اہلکار اور 63 عام شہری شامل ہیں۔ مئی 2025 کے مقابلے میں جون میں ان حملوں میں 8 فیصد کمی، ہلاکتوں میں 12 فیصد کمی اور زخمیوں میں 4 فیصد اضافہ ہوا ۔رپورٹ کے مطابق عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کے جواب میں پاکستانی سیکورٹی فورسز نے جون میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو تیز کیا۔ پی آئی سی ایس ایس کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 71 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جبکہ ان کارروائیوں میں دو سیکورٹی اہلکار اور دو شہری بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان کارروائیوں کے دوران 10 عسکریت پسند اور پانچ شہری زخمی ہوئے جبکہ 52 مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے زیادہ تر کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔ جون میں عسکریت پسندوں کے تشدد اور سیکورٹی آپریشنز سے مجموعی طور پر 175 ہلاکتیں ہوئیں جن میں 55 سیکورٹی اہلکار، 77 عسکریت پسند، 41 عام شہری اور امن کمیٹی کے دو ارکان شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید