لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شکست خوردہ دشمن دہشت گردی کے ذریعے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے۔ آئی جی نے پولیس فورس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے کہاکہ دشمن حساس مقامات، چینی و غیر ملکی باشندوں، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور بارڈر ایریاز پولیس چوکیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنٹرل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور ٹریفک ملتان کے 23 افسران و اہلکاروں کو ایوارڈز سے نوازا۔آئی جی نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کیے ۔