• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرقِ وسطیٰ کے دورے کا مقصد اسرائیل کو سائیڈ لائن کرنا نہیں: صدر ٹرمپ

 
امریکی صدر ٹرمپ نے قطر کے شاہی محل میں امیرِ قطر سے ملاقات کی ہے—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
امریکی صدر ٹرمپ نے قطر کے شاہی محل میں امیرِ قطر سے ملاقات کی ہے—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کے بعد قطرکے دورے پر دوحہ پہنچ گئے۔

انہوں نے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ اسرائیل کے لیے بھی اچھا ثابت ہو گا، مشرقِ وسطیٰ کے دورے کا مقصد اسرائیل کو سائیڈ لائن کرنا نہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ شام کے صدر سے ملاقات بہت اچھی رہی، خلیجی ممالک سے امریکا کے تعلقات اچھے ہونا اسرائیل کے لیے بھی اچھا ہے۔

دریں اثناء صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوحہ میں قطر کے شاہی محل میں آمد ہوئی، جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام پر عائد پابندیاں اٹھانے کے حوالے سے اسرائیل کو آگاہ کر دیا ہے۔ 

امریکی صدر نے کہا ہے کہ شام کے صدر بہترین انسان ہیں اس لیے انہیں موقع دینا مناسب سمجھا، اسرائیل کافی عرصے سے جنگ لڑ رہا ہے، ہماری کوششوں کی وجہ سے یرغمالی زندہ ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ امید ہے کہ ایران ڈیل کے لیے صحیح فیصلہ کرنے میں دیر نہیں کرے گا،  اگر ایران نےدرست فیصلہ نہ کیا تو آئندہ حالات سازگار نہیں ہوں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ روسی صدر ترکیہ میں ہوں گے تو شاید میں بھی ترکیہ جا سکتا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ روسی صدر چاہتے ہیں کہ میں ترکیہ بھی آؤں۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ  میرا ترکیہ جانا ممکن ہے، اس بارے میں سوچوں گا، شام پر عائد پابندیاں اٹھانے کے حوالے سے ترک صدر سے بات چیت کی، ترک صدر نے پابندیوں کے خاتمے کو شام کے لیے بہترین موقع قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ترکیہ میں یوکرین روس جنگ کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کا سوچوں گا، روسی صدر نے ترکیہ میں ہونے والے امن اجلاس میں میری شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید