• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر فیصل کی پاک بھارت موجودہ صورتحال پر بریفنگ

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے لندن میں ہاؤس آف کامنز کے آل پارٹیز پارلیمانی گروپ آن پاکستان کے اراکین سے ملاقات کی اور ان کو پاکستان و بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ 

ہائی کمشنر نے آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کے ارکان کو آگاہ کیا کہ بھارت کی فوجی کارروائیاں بے بنیاد جواز کے تحت پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین و اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے منافی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بھارت کا یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے سے دستبرداری کا فیصلہ بھی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ 

ڈاکٹر محمد فیصل نے ارکان کو بتایا کہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کر دیا ہے کہ پانی کی بندش کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا، انہوں نے زور دیا کہ بھارت کے جارحانہ اور شدت پسندانہ عزائم خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ 

ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانیہ اور دیگر دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے صورتحال کی تخفیف میں مثبت کردار ادا کیا۔ 

ڈاکٹر فیصل نے واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کی ثالثی سے ہونے والے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے انتظام پر کاربند ہے۔ 

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازع کی بنیادی وجہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ہے، جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ 

واضح رہے کہ اجلاس کی صدارت یاسمین قریشی ایم پی نے کی جبکہ اس موقع پر لارڈ قربان حسین، عمران حسین ایم پی، محمد یاسین ایم پی، بیرونس مبارک، افضل خان ایم پی، ڈاکٹر زبیر احمد ایم پی، ڈاکٹر روزینہ علی خان ایم پی، محمد یاسین ایم پی، طاہر علی ایم پی اور دیگر پارلیمنٹرین بھی موجود تھے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید