اسلام آباد (فاروق اقدس) ترک صدر رجب طیب اردگان نے پاکستان کی حمایت کا غیر متزلزل اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقرہ ہر اچھے اور برے وقت میں پاکستانی عوام کی حمایت جاری رکھے گا امید ہے جنگ بندی کا پرسکون ماحول پانی سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے میں مدد کریگا ۔ انقرہ میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کو کم کرنے کے لیے ترکی کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ترک صدر نے اپنے ان خیالات اور جذبات کا اظہار بھارتی عوام کی جانب سے بائیکاٹ کا مطالبہ سامنے آنے کے موقع پر کیا۔ ترک میڈیا نے اردگان کے حوالے سے بتایا کہ پاکستانی عوام کے لیے کھلے عام اپنی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے، ہم نے تناؤ کو کم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں، جو کہ انتہائی خطرناک حد تک بڑھ گئی تھی۔