خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کےلیے پیکیج کا اعلان کردیا۔
وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے شہداء کے ورثاء کےلیے 50، 50 جبکہ زخمیوں کو 10، 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لیے پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے اعلان کے تحت معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثاء کو 1 کروڑ جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
اسی طرح پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو رینک کے حساب ایک کروڑ سے 1 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم شہداء پیکیج کے تحت دی جائے گی۔
پاک افواج کے شہداء کے ورثا کو گھر کی سہولت کے لیے رینک کے حساب سے 1 کروڑ 90 لاکھ سے 4 کروڑ 20 لاکھ روپے تک دیے جائیں گے جبکہ پاک افواج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاؤنسز جاری رہیں گی۔
اعلامیے کے مطابق پاک افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی جبکہ ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔