لاہور(اپنے نامہ نگار سے) سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ناصر باغ لاہور میں سول ڈیفنس کے محفوظ بنکر کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس ضمیر حسین نے سیکرٹری داخلہ کو انتظامات بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے پنجاب بھر میں رضاکاران کی رجسٹریشن کیلئے خصوصی پورٹل قائم کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 22 مقامات پر سول ڈیفنس کے کمبائنڈ کنٹرول اینڈ رپورٹ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ کنٹرول سینٹرز ہنگامی صورتحال میں بروقت معلومات کے حصول اور فوری فیصلہ سازی میں معاون ہیں۔ پنجاب بھر میں 1113 محفوظ شیلٹرز قائم کیے گئے ہیں جن میں 77 ہزار افراد کی گنجائش موجود ہے۔