برسلز(نیوزڈیسک)یورپی کونسل کے صدر انٹونیو کوسٹا نے اسرائیل سے غزہ پٹی کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کوسٹا نے لکھا، ’’غزہ سے روزانہ آنے والی خبروں سے صدمہ ہوا۔ شہری بھوک سے مر رہے ہیں، ہسپتالوں کو ایک بار پھر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تشدد کا خاتمہ ہونا چاہیے۔جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق کوسٹا نے مزید کہا، ’’اسرائیلی حکومت کو اب ناکہ بندی ختم کرنی چاہیے اور انسانی امداد کی محفوظ، فوری اور بلا روک ٹوک رسائی کو یقینی بنانا چاہیے۔‘‘اسرائیل نے دو مارچ سے فلسطینی علاقے میں امداد کی فراہمی مکمل روک رکھی ہے۔کوسٹا نے غزہ کی صورتحال کو ’انسانی المیہ‘ قرار دیا۔انہوں نے کہا، ’’پوری قوم کو کچلا اور غیر متناسب فوجی طاقت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی قوانین کی منظم طریقے سے خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔‘‘انہوں نے غزہ پٹی میں قید تمام یرغمالیوں کی ’فوری اور غیر مشروط رہائی‘ اور ’مستقل جنگ بندی‘ کا مطالبہ کیا۔غزہ میں تقریبا 58 یرغمالی اب بھی قید ہیں۔ منگل کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ ان میں سے صرف 21 کے زندہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔