• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

فوٹو اسکرین گریب
فوٹو اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، لیکن وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔

ڈاکیارڈ کراچی میں نیوی کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک بحریہ کے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بحری فوج کی تیاری ویسی ہی تھی، جیسے بری اور فضائی افواج کی تھی، پاک بحریہ نے بندرگاہوں اور تجارتی راستوں کا بھرپور تحفظ کیا، ہماری افواج کی مکمل تیاری کی وجہ سے دشمن ہمارا بال بھی بیکا نہ کر سکا، افواج پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بحری فوج کی تیاری دیکھ کر دشمن کی اس طرف حملہ کرنے کی ہمت نہیں ہوئی، کشیدہ صورتحال میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی تھی، بھارت کی حالیہ ناکام اور ہزیمت آمیز مہم جوئی میں دنیا نے دیکھ لیا کہ ہماری بحریہ مکمل تیار تھی، افواج پاکستان نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بری فوج نے فتح میزائل، دیگر ہتھیاروں سے دشمن کے ٹھکانوں پر درستی سے نشانے لگائے، فضائیہ کے شاہینوں نے جدید ٹیکنالوجی سے دشمن کو سبق سکھایا، دشمن یہ سبق قیامت تک یاد رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے تمام غازی اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، بحری جارحیت کرتا تو دشمن کو مزید رسوائی برداشت کرنا پڑتی، قوم کو یقین تھا کہ دشمن بحری محاذ پر بھی ناکام ہوگا، عسکری قیادت کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن تھا، کشیدگی کے دوران ہماری بندر گاہیں مکمل فعال رہیں، کئی گنا بڑا دشمن مکمل مفلوج دکھائی دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کی غیر معمولی کارکردگی پر ہمیں فخر ہے، جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے پاک بحریہ کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا، دشمن بھی تسلیم کرتا ہے کہ پاک نیوی نے خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے جنگ کی سلگتی آگ کو ڈھانپا، وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو  Man of Peace قرار دے دیا۔

قومی خبریں سے مزید