پاکستان کے مشہور یوٹیوبر اور ڈیجیٹل کریئیٹر رجب بٹ نے بیوی سے بدسلوکی کے الزامات پر وضاحت دے دی۔
رجب بٹ اپنی فیملی وی لاگنگ، غصے بھرے رویے اور متنازع باتوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، حالیہ دنوں میں پھر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
یوٹیوب پر ان کے 6.77 ملین سبسکرائبرز اور انسٹاگرام پر 1.9 ملین فالوورز ہیں، ان کے مداح ناصرف انہیں بلکہ ان کے خاندان، والدین، بہن اور اہلیہ ایمان کو بھی بہت پسند کرتے ہیں۔
ایک ویڈیو کے تناظر میں سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے رجب بٹ پر یہ الزام لگایا کہ وہ اپنی اہلیہ ایمان کے ساتھ ویڈیوز میں ناروا سلوک کرتے ہیں، انہیں نظر انداز کرتے ہیں یا احترام نہیں دیتے۔
رجب بٹ نے ایک ویڈیو پیغام میں ان الزامات پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ میری اور ایمان کی زندگی کے بارے میں غلط فہمی ہے، سوشل میڈیا پہلے ہی کئی رشتے خراب کر چکا ہے، میں اپنے رشتے کو خراب نہیں ہونے دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ایمان ایک حساس لڑکی ہے، اسے سوشل میڈیا کی سمجھ نہیں، وہ بیمار ہے، اس لیے ویڈیوز میں نظر نہیں آ رہی، وہ کیمرے کے سامنے اداکاری نہیں کر سکتی ہاں، میں کیمرے پر اسے نظر انداز کرتا ہوں کیونکہ وہ میرے لیے صرف آن-اسکرین شریک حیات نہیں، میری اصل بیوی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں شوہر کے طور پر اپنا فرض نبھا رہا ہوں، شادی کو پانچ ماہ ہو چکے ہیں، جب تک ڈاکٹرز اجازت نہیں دیتے، وہ ویڈیوز میں نظر نہیں آئیں گی، جو کچھ میرے پاس ہے، وہ میری بیوی، ماں اور بہن کا ہے۔
رجب بٹ کی وضاحت کے بعد بھی عوامی ردِ عمل شدید رہا، سوشل میڈیا صارفین نے کچھ اس انداز میں تبصرے کیے کہ عورت کو صرف پیسہ نہیں، وقت اور عزت بھی چاہیے، ایمان کو جان بوجھ کر ویڈیوز سے باہر رکھا جا رہا ہے۔
صارفین کا کہنا تھا کہ ایمان کی غیر موجودگی اس لیے ہے کیونکہ وہ اصل جذبات کا اظہار کرتی ہے، یہ الزامات نہیں، حقیقت ہے کہ آپ اپنی بیوی کو نظر انداز کرتے ہیں. ایسے کام کیوں کرتے ہو جس کےلیے صفائی دینی پڑے؟