پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ خدشہ موجود ہے کہ بھارت پھر کوئی شرارت کر سکتا ہے، مودی نے بھارت کا چہرہ بدل دیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں اب انسانی حقوق کی کوئی قدر و قیمت نہیں، بھارت نے جو مہم جوئی کی اس میں منہ کی کھائی ہے۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بھارت نے امریکا سے رابطہ کیا اور جنگ بندی کرانے کا کہا، بھات کو عسکری اور سفارتی شکست ہوئی، بھارت نے پھر کوئی مہم جوئی کی تو ماضی کی طرح کا جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی پر منشیات اور غداری کا مقدمہ نہیں بنایا، ہم انتقامی کارروائی نہیں کر رہے، ہم انتقام در انتقام کی پالیسی پر بالکل کاربند نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات بڑے ٹھوس ہیں، اگر ان کو ریلیف ملتا ہے تو ملے، اس تھیوری کے خلاف ہوں جب کہا جاتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے جیل میں رہنے سے سیاسی بحران ہے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ایوان میں پی ٹی آئی کے ارکان بڑی تعداد میں موجود ہے، تحریک عدم اعتماد کوئی غیر آئینی بات نہیں، آج بھی تحریک عدم اعتماد اگر لائی جاتی ہے، تو ہم خندہ پیشانی سے اس کا مقابلہ کریں گے، ہم آئین و قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے۔