• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری سیکیورٹی نے کہا برشور میں آپ کو خطرہ ہے، سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ میری سیکیورٹی نے کہا برشور میں آپ کو خطرہ ہے۔

پشین جلسے سے خطاب میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپ ہمارے اسکول اور دفاتر ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم ایک قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری سیکیورٹی نے کہا برشور میں آپ کو خطرہ ہے، میں نے کہا میں اپنے لوگوں میں جاؤں گا، کوئی طاقت مجھے نہیں روک سکتی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ میں آپ کے درمیان رہوں گا، کوئی بلٹ پروف مجھے نہیں روک سکتی۔

انہوں نے کہا کہ کوئی طاقت ہمیں پاکستانیت اور پاکستان کی خدمت کرنے سے نہیں روک سکتی، بلوچستان کے عوام سپہ سالار کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کےلئے ہم سب سے پہلے اپنے سینے حاضر کریں گے، کوئی پاکستان کا بال بیکا نہیں کر سکتا، بلوچستان کے شہداء کے بچوں کی تعلیم اور کفالت میرے ذمہ ہے۔

سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ آج واضح پیغام گیا ہے کہ بلوچستان کے لوگ نریندر مودی کی دھمکیوں سے نہیں ڈریں گے، فوج نے جس دلیری سے جنگ لڑی ہے، بلوچستان کے لوگ آپ کے ساتھ ہیں، افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے آج ناکام ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ ہم بندوق کے نظریے کو نہیں مانتے، ہم امن چاہتے ہیں، وہ جو ہمیں بارود اور بندوق کے ذریعے کمزور کرنا چاہتے ہیں، جان لیں بلوچستان کے لوگ اکٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاتے ہی برشور کے گرڈ اسٹیشن کو آباد کروں گا، یہاں میونسپل کمیٹی بنائیں گے، علاقے کے 73 اسکولوں کو پکا کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ برشور کےلیے اس سال 50 اہلکاروں پر مشتمل لیویز فورس دوں گا، میں یہاں کالج اور اسپتال بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ برشور میں ایک بہترین کولڈ اسٹوریج بنانے کا اعلان کرتا ہوں، جن منصوبوں کا اعلان کیا ہے، ان کا افتتاح بھی اپنے ہاتھوں سے کروں گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یہاں کوئی غیرقانونی مائننگ نہیں ہونے دوں گا، پہلے بلوچستان کے لوگوں کا حق ہے، میں آپ کا خادم، قرض دار ہوں، آپ کی خدمت کرتا رہوں گا، آپ کا شکریہ جس طرح آپ نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔

قومی خبریں سے مزید