• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی بجٹ 10جون کو پیش کیا جائے گا، ترجمان وزارت خزانہ

ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ 10جون کو پیش کیا جائے گا، اس سے پہلے وفاقی بجٹ پیش کرنے کی تاریخ 2 جون دی گئی تھی۔

ترجمان وزارت خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ اقتصادی سروے 9 جون کو پیش کیا جائے گا، وفاقی بجٹ 2025-26، 10 جون کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ تاخیر سے پیش کرنے کی وجہ آئی ایم ایف سے بجٹ تجاویز پر اتفاق نہ ہونا ہے، آج پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آخری دن تھا، صبح کے اجلاس کے بعد سہ پہر کو دوبارہ مذاکرات کیے گئے۔

آئی ایم ایف سے مذاکرات کے 2 ادوار میں کوئی اتفاق رائے سامنے نہیں آئی، مذاکرات میں سیکریٹری خزانہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ حصہ لیا، چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم بھی مذاکرات کا حصہ تھی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بوجھ کم کرنے کیلئے متعدد تجاویز رکھیں، صنعتی شعبے پر ٹیکسوں کی شرح کم کرکے کاروبای لاگت کم کرنے کا پروگرام رکھا گیا، ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کی متعدد تجاویز آئی ایم ایف کے سامنے رکھیں، ٹیکس و نان ٹیکس آمدن بڑھانے کی تفصیلات سے بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کیا گیا۔

صوبوں کی آمدن بڑھانے کا منصوبہ بھی آئی ایم ایف کے سامنے رکھا گیا، زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کا فریم ورک آئی ایم ایف سے مذاکرات کا حصہ رہا۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات اگلے ہفتے بھی جاری رہیں گے، بجٹ اہداف مقرر کرنے میں آئی ایم ایف کی تجاویز ماننا ہوں گی، قرض پروگرام میں پاکستان آئی ایم ایف کی مشاورت سے بجٹ بنانے کا وعدہ کر چکا ہے۔

تجارتی خبریں سے مزید