• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استنبول: وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ترک صدر رجب طیب اردوان سے اظہارِ تشکر

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی ہے، اس موقع پر وزیرِ اعظم کے ساتھ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی تھے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان سے وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کی ملاقات استنبول کے دولما باہچے محل میں ملاقات ہوئی ہے۔

استنبول کے دولما باہچے محل پہنچنے پر صدر اردوان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا تھا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کو پریس کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیاء میں حالیہ بحران کے دوران حمایت پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

ترک صدر نے جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

دریں اثنا وزیرِ اعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بھی ہوئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں شریک تھے۔


وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق کی گئی۔

پاکستان ترکیہ تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ترقی و خوش حالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے جنوبی ایشیاء کی حالیہ پیش رفت میں غیر متزلزل حمایت پر ترک حکومت اور عوام سے اظہارِ تشکر کیا، وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے اصولی مؤقف اور ترک عوام کی خیر سگالی پر مبنی بھرپور حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی عوام کے لیے ترک عوام کی نیک خواہشات اور حمایت باعثِ اطمینان ہے۔

وزیرِ اعظم نے افواجِ پاکستان کے عزم، ہمت اور قربانی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مشترکہ منصوبوں اور دو طرفہ سرمایہ کاری کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ قابلِ تجدید توانائی، دفاعی پیداوار اور زراعت جیسے شعبے باہمی دلچسپی کے حامل ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا،  اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا، اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح اسٹریٹجک تعاون کونسل کے فیصلوں پرعمل درآمد کا جائزہ لیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر سمیت ایک دوسرے کے بنیادی خدشات پر اصولی موقف کا اعادہ کیا، غزہ میں سنگین انسانی صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی عوام کو انسانی امداد تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کثیرجہتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کی تجدید کی گئی، ترک صدر اردوان نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

قومی خبریں سے مزید