پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں لاہور قلندرز کو ٹائٹل دلانے والے شاہین شاہ آفریدی کو رواں ایونٹ کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، ٹیم کا انتخاب کمنٹری ٹیم کے اراکین نے کیا ہے۔
پی ایس ایل 11 اپریل سے 25 مئی تک 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلی گئی۔
25 سالہ شاہین نے ناصرف سب سے زیادہ 19 وکٹیں لے کر فضل محمود کیپ حاصل کی بلکہ ایک ایسی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جس میں قلندرز کے اپنے دو ساتھی شامل ہیں۔
سکندر رضا (11 میچز، 254 رنز، 2 نصف سنچریاں اور 10 وکٹیں) اور فخر زمان (13 میچز، 439 رنز 4 نصف سنچریاں ) نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت پی ایس ایل ٹیم میں جگہ حاصل کی ہے۔
پی ایس ایل کی ٹیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 3 کھلاڑی شامل ہیں۔ جس میں 23 سالہ حسن نواز، جنہیں ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹر بھی قرار دیا گیا (12 میچز، 399 رنز، ایک سنچری اور 3 نصف سنچریاں )، تجربہ کار آل راؤنڈر فہیم اشرف (12 میچز، 163 رنز اور 17 وکٹیں) اور 27 سالہ ابرار احمد ( 12میچز میں 17 وکٹیں ) شامل ہیں۔
کراچی کنگز، جس نے 22 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں ایلیمینیٹر 1 میں قلندرز سے ہارنے سے پہلے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، اس کے بھی 3 کھلاڑی اس پی ایس ایل ٹیم میں شامل ہیں۔ کپتان ڈیوڈ وارنر، اوپننگ پارٹنر جیمز ونس، فاسٹ بولر حسن علی ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ خوشدل شاہ 12ویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان، جنہوں نے 12 میچوں میں ایک سنچری اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 449 رنز کے ساتھ بیٹنگ میں سرفہرست رہنے پر حنیف محمد کیپ حاصل کی، اور ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں۔
پی ایس ایل الیون کی لائن اپ کو پشاور زلمی کے نوجوان باصلاحیت فاسٹ بولر علی رضا نے مکمل کیا ہے جنہوں نے 9 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں۔
1- فخر زمان (لاہور قلندرز)
2- صاحبزادہ فرحان (اسلام آباد یونائیٹڈ) (وکٹ کیپر)
3- ڈیوڈ وارنر (کراچی کنگز)
4- جیمز ونس (کراچی کنگز)
5- حسن نواز (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)
6- سکندر رضا (لاہور قلندرز)
7- فہیم اشرف (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)
8- شاہین شاہ آفریدی (لاہور قلندرز) (کپتان)
9- حسن علی (کراچی کنگز)
10- علی رضا (پشاور زلمی) ایمرجنگ
11- ابرار احمد (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)
12-خوشدل شاہ (کراچی کنگز) (12ویں کھلاڑی )