• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان بورڈ میں الائنس کو نمائندگی دی جائے‘ پرائیویٹ اسکولز

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن الائنس کے زیراہتمام تعلیمی کانفرنس پریس کلب میں ہوئی، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الائنس کے رہنماؤں ملک رشید کاکڑ ، جعفر کاکڑ ، حضرت علی کوثر ، حافظ نعمت اللہ ، محمد نواز پندرانی ، خلاق کاکڑ ، طاہراچکزئی ، عبدالظاہر کاکڑ ، لیاقت علی ہزارہ ، گلزار احمد کمالزئی ، عظمت کاکڑ ، جمیل احمد مشوانی سمیت دیگر نے خطاب کیا ،کانفرنس میں بلوچستان میں پرائیویٹ اسکولز کو درپیش مسائل سمیت دیگر تعلیمی امور زیر بحث لائے گئے اور تفصیلی مشاورت کے بعد متعدد قراردادیں منظور کی گئیں ،جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اسکولز کی رجسٹریشن اور اس سے متعلق تحفظات پر فوری توجہ دی جائے ، رجسٹریشن کمیٹی میں بلوچستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن الائنس کو نمائندگی دی جائے ، کلاس ہشتم کے اسیسمنٹ امتحانات میں پرائیویٹ اسکولز کو شامل اور امتحانی عمل کے ہر مرحلے میں واضح نمائندگی دی جائے ، کلاس ہشتم کے فیل طلبا کے پیپرز کی ری چیکنگ یا دوبارہ امتحانات کے انعقاد کے لئے حکمت عملی بنائی جائے ، کلاس ہشتم کے امتحانات کے لئے رجسٹریشن و داخلہ کے لئے آن لائن پالیسی اپنائی جائے ، بلوچستان بورڈ میں الائنس کو نمائندگی اوربلوچستان بورڈ میں نہم و دہم کی رجسٹریشن و داخلہ فارم جمع کرانے کے لئے علیحدہ اسٹاف کی تقرری عمل میں لائی جائے ، بورڈ کے نہم و دہم کے امتحانات اور پیرز کی چیکنگ میں پرائیویٹ سیکٹر کو نمائندگی دی جائے ، محکمہ تعلیم کی جانب سے طلباء کے لئے اسکالر شپ میں 40 فیصد کوٹہ مختص کیا جائے ، کم فیس وصول کرنے والے اسکولز کو پروفیشنل ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے ۔مقررین نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم ان مسائل کو فوراً حل کرے بصورت دیگر تمام اضلاع میں احتجاجی تحریک شروع کرینگے ۔