پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن اطلاق سے کینسر کی تشخیص اور علاج میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پی اے ای سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں قائم 20 کینسر اسپتال تشخیص و علاج کی جدید سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، تقریباً 80 فیصد پاکستانی کینسر کے مریض ان اسپتالوں سے مستفید ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 6 جوہری پاور پلانٹس سے 3 ہزار 530 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ ایک نے 400 دنوں تک مسلسل بجلی پیدا کر کے قومی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
پی اے ای سی کے مطابق زیر تعمیر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 تکمیل کے بعد 1,200 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ نیوکلیئر انسٹیٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی فیصل آباد رنگین کپاس تیار کر رہا ہے۔ یہ ادارہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے معاون مرکز کے طور پر بھی پہچان حاصل کر چکا ہے۔
پی اے ای سی اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال سے پائیدار ترقی کے فروغ کےلیے کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔