• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

28 مئی کیساتھ 10 مئی نے پاکستان کی سلامتی کو نئی روح پھونکی: ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق—فائل فوٹو
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق—فائل فوٹو

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان نے جنگ میں بھارت کو شکست دی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ پہلگام واقعے کے پہلے دن سے پاکستان تحقیقات کامطالبہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، جنگ میں بھی پاکستان نے بھارت کو شکست دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، اگر 28 تاریخ کو نواز شریف نے دھماکے نہ کیے ہوتے تو یہ لڑائی مختلف انداز میں ہوتی۔

اُن کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پھر سے اجاگر ہو گیا، اب کشمیر ایشو پر بھی بات ہو گی، پاکستان نے بھارت کو سفارتی اور عسکری دونوں محاذوں پر شکست دی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم خطے میں امن چاہتے ہیں جنگ نہیں، مسئلہ کشمیر کا بات چیت کے ذریعے حل چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے جارحیت میں نیلم جہلم منصوبے کو نشانہ بنایا، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یک طرفہ معطل کر کے آبی جارحیت کی، بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔

یومِ تکبیر کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 28 مئی قومی غیرت، خود مختاری اور دفاع کی علامت ہے، ایٹمی دھماکے پاکستان کی تکنیکی مہارت اور قومی اتحاد کا مظہر ہیں، پاکستان کی دفاعی پالیسی امن پر مبنی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، ذوالفقار بھٹو اور نواز شریف کو ملک کو جوہری طاقت بنانے پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور دیگر سائنسدانوں کی خدمات کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، یومِ تکبیر ہمارے قومی عزم، اتحاد اور قربانیوں کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ نواز شریف کا تاریخ ساز اقدام تھا، جوہری صلاحیت پاکستان کی خودانحصاری اور دفاعی خود کفالت کی بنیاد ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کا ثبوت ہے، افواجِ پاکستان نے بری، بحری اور فضائی سرحدوں کا جرأت مندانہ دفاع کیا۔

اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو واضح پیغام مل چکا ہے، پاکستان صرف عسکری نہیں، قومی اتحاد سے بھی ناقابل شکست ہے، 28 مئی کے ساتھ 10 مئی کے اضافے نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو نئی روح پھونکی۔

قومی خبریں سے مزید