• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چائلڈ میریج رسٹرینٹ بل کی منظوری تاریخی اہمیت کی حامل ہے، کرن بلوچ

کوئٹہ (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے چائلڈ میریج ریسٹرینٹ بل 2025 کی منظوری ایک تاریخی اور دور رس اہمیت کا حامل قدم ہے جو نہ صرف بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت فراہم کرتا ہے بلکہ ایک محفوظ اور ترقی یافتہ پاکستان کی جانب پیش رفت کا واضح اشارہ بھی ہے۔کرن بلوچ نے اس قانون سازی کو سماجی اصلاحات کی جانب ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کم عمری کی شادیوں کے مضر اثرات سے معاشرے کو بچانے کے لیے یہ قانون وقت کی اہم ضرورت تھا۔ انہوں نے کہا کہ بچپن کو تعلیم، صحت اور ذہنی نشوونما کے لیے محفوظ بنانا ہر ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور یہ قانون اسی وژن کی عملی تعبیر ہے۔انہوں نے اس بل کی منظوری میں سینیٹر شیری رحمان اور محترمہ شرمیلا فاروقی کی قیادت، کاوشوں اور بھرپور کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں نے نہایت دانشمندی، جرات اور مستقل مزاجی کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اس حساس مسئلے کو اجاگر کیا اور بالآخر اس کی منظوری ممکن بنائی۔محترمہ کرن بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے خواتین، بچوں، اقلیتوں اور محروم طبقات کے حقوق کی علمبردار رہی ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے پارٹی کی قیادت آج بھی ہر ممکن طریقے سے محروم طبقات کی آواز بلند کر رہی ہے۔
کوئٹہ سے مزید