کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ماہرین صحت ڈاکٹر دائود غلزئی ، ڈاکٹر عبدالمالک ، ڈاکٹر امیر بخش لانگو اور ڈاکٹر مسعود ترین نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً ہر تین میں سے ایک شخص ہاضمہ کے مختلف مسائل سے دوچار ہے جس میں سینے میں جلن ، تیزابیت ، بدہضمی اور قبض جیسی بیماریاں شامل ہیں جن پر قابو پانے کیلئے متوازن اور غذائیت سے بھرپور غذا و پانی کا مناسب مقدار میں استعمال اور باقاعدگی سے ورزش کرنی چاہیے ۔ یہ بات انہوں نے عالمی یوم ہاضمہ کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع ڈاکٹر خالد حسنین جدون سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد عوام کو ہاضمہ کے مسائل اور ان کی روک تھام کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تین میں سے ایک شخص سینے کی جلن ، تیزابیت ، بدہضمی اور قبض جیسی بیماریوں کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاضمہ کے مسائل کی وجوہات میں غیرصحت بخش غذا ، زیادہ چکنائی کا استعمال ، کم پانی کا استعمال شامل ہے اس کے علاوہ ذہنی دبائو ، تمباکو نوشی بھی مسائل کو جنم دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاضمہ کو بہتر بنانے اور مسائل سے بچنے کیلئے متوازن اور غذائیت سے بھرپور غذا کا استعمال ، پانی مناسب مقدار میں پینا اور باقاعدگی سے ورزش ضروری ہے ۔