کراچی (عبدالماجد بھٹی) اب یہ بات طے ہوچکی ہے کہ دو سابق ٹیسٹ کرکٹرز اظہر علی اور اسد شفیق قومی سلیکشن کمیٹی سے فارغ ہوگئے ہیں۔ سلیکشن کی پچ پر ان کی جگہ 2017میں پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے کپتان سرفراز احمدکی انٹری ہوئی ہے جبکہ تجزیہ کار اور سالوں سے پی سی بی کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے سکندر بخت بھی نئے اسپیل کیلئے تیارہیں ۔ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے خاموشی سے سلیکشن معاملات میں شامل کرلیا ہے۔ جمعرات کو سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کیلئے سکندر بخت کو لاہور طلب کیا گیا جبکہ انگلینڈ میں موجود سرفراز احمد نے ویڈیو لنک کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان سلمان علی آغا، سلیکٹرز عاقب جاوید اور علیم ڈار نے آئندہ ماہ بنگلہ دیش کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور امریکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کے لئے پاکستان ٹیم کا انتخاب کرلیا۔ حددرجہ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم اور محمد رضوان پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ شاہین آفریدی کے بارے میں منفی رپورٹس ہیں اس لئے وہ پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کے باوجود ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ مبینہ طور پر ان کے رویے کی شکایت سامنے آئی ہے۔ پی سی بی کو پاکستانی کرکٹرز کیلئے امریکا کے ویزے حاصل کرنا ہیں اس لئے قبل از وقت ٹیموں کا اعلان کیا گیا۔ پی سی بی نے باضابطہ سرفراز احمد اور سکندر بخت کی تقرری اور ذمے داریوں کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن دونوں نے مسلسل دوسری بار سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کی جبکہ دونوں بار اسد شفیق اور اظہر علی کو میٹنگ سے باہر رکھا گیا۔ چند ہفتے پہلے پی ایس ایل کے دوران اسلام آباد میں قومی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان سلمان علی آغا ، عاقب جاوید اور علیم ڈار کے ساتھ سرفراز احمد اور سکندر بخت کو بھی بلایا گیا تھا ، سرفراز احمد اور سکندر بخت نے سلیکٹرز کو تجاویز دیں۔ سرفراز احمد کی کرکٹ کے بارے میں سمجھ بوجھ کو دیکھتے ہوئے پی سی بی ان سے ایک سے زیادہ کام لینا چاہتا ہے۔ سرفراز احمد کرکٹ سے عملی ریٹائر ہونے کے بعد پی سی بی کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ وہ موجودہ کھلاڑیوں میں انتہائی احترام کے ساتھ دیکھے جاتے ہیں۔ سکندر بخت2003 میں ٹیم انالسٹ کے بعد پہلی بار پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کریں گے۔ وہ محسن نقوی کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔ نمائندہ جنگ نے پی سی بی حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس بارے میں چیئرمین محسن نقوی ہی بتا سکتے ہیں تاہم اب سرفراز اور سکندر بخت سلیکشن معاملات میں شریک ہیں۔ منگل سے دفاتر کھلنے پر تقرری کا اعلان کیا جائے گا۔ اسد شفیق کو ویمنز سلیکشن کمیٹی کے علاوہ کراچی کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ذمے داریاں دی جارہی ہیں۔ اظہر علی یوتھ ڈیولپمنٹ کیلئے کام کریں گے۔ سرفراز احمد کو سکندر بخت کے ساتھ سلیکشن کمیٹی میں شامل کرکے تمام کرکٹ کے معاملات کی نگرانی دی جائے گی۔ دونوں سلیکشن کمیٹی کی جانب سے بنائے جانے والے اسکواڈ کا جائزہ لیں گے اور تمام کرکٹ معاملات پر نظر رکھیں گے۔